ٹیوبرکولین سکن ٹیسٹ (TST یا Mantoux ٹیسٹ) یہ دیکھنے کے لیے کیا جاتا ہے کہ آیا انسان کے جسم میں تپدق (ٹی بی) انفیکشن موجود ہے۔
ٹی بی انفیکشن (جسے خفتہ ٹی بی انفیکشن یا 'سوئی ہوئی' ٹی بی بھی کہا جاتا ہے) یہ ہے کہ آپ کے جسم میں ٹی بی کے جراثیم موجود ہوں لیکن آپ ان کی وجہ سے بیمار نہ ہوں۔ آپ کے جسم کا مدافعتی نظام جراثیم کو نقصان پہنچانے سے روک رہا ہوتا ہے۔ ٹی بی انفیکشن کی کوئی علامات نہیں ہوتیں اور جراثیم دوسرے لوگوں تک نہیں پہنچ سکتے۔
ٹی بی انفیکشن ٹی بی کی بیماری سے مختلف ہے یعنی بیماری میں ٹی بی کے جراثیم بیدار ہو چکے ہوتے ہیں یا تعداد میں بڑھ جاتے ہیں اور آپ کو بیمار کرتے ہیں اور اس صورت میں جراثیم آپ سے دوسرے لوگوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ اگر TST سے آپ میں ٹی بی انفیکشن پایا جائے تو آپ کا ڈاکٹر ٹی بی کی بیماری کو روکنے والی دوائی تجویز کر سکتا ہے۔
ٹی بی انفیکشن کے متعلق مزید معلومات یہاں مل سکتی ہیں: ٹی بی انفیکشن
TST میں ٹیوبرکولین (جرثومے کا صاف کیا ہوا پروٹین) کی چھوٹی سی مقدار انجیکشن سے بازو کے نچلے حصے میں داخل کی جاتی ہے۔ چند دن بعد اس جگہ پر یا تو سرخ نشان یا دانہ ظاہر ہوتا ہے یا کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ٹیسٹ کے 48 سے 72 گھنٹے بعد سپیشلسٹ ٹی بی نرس کا انجیکشن والی جگہ کو دیکھنا ضروری ہوتا ہے۔
صحت کے بعض مسائل اور دوائیوں سے آپ کے ٹیسٹ کے نتیجے پر اثر پڑ سکتا ہے۔ ان صورتوں میں اپنی نرس یا ڈاکٹر کو بتائیں کہ:
یہ یقینی بنائیں کہ TST کروانے کے 48 سے 72 گھنٹے بعد سپیشلسٹ نرس انجیکشن والی جگہ کو دیکھے تاکہ جسم کے ردّعمل پر غور کیا جا سکے اور اسے ریکارڈ کیا جا سکے۔ اگر TST کا نتیجہ پازیٹیو آئے تو آپ کو مزید کچھ ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ نرس یا ڈاکٹر آپ کو نتیجے کا مطلب سمجھائیں گے اور بتائیں گے کہ آیا آپ کو مزید ٹیسٹوں یا علاج کی ضرورت ہے۔
مزید معلومات کے لیے تپدق ( ٹی بی) کے متعلق معلوماتی پرچے دیکھیں۔
اپنی زبان میں مفت مدد کے لیے 50 14 13 پر تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس کو فون کریں۔