تپدق کی روک تھام کی تھراپی

​​​​​تپدق (ٹی بی) انفیکشن کیا ہے؟

ٹی ب​ی انفیکشن (جسے خفتہ ٹی بی انفیکشن یا 'سوئی ہوئی' ٹی بی بھی کہا جاتا ہے) یہ ہے کہ آپ کے جسم میں ٹی بی کے جراثیم موجود ہوں لیکن آپ ان کی وجہ سے بیمار نہ ہوں۔ آپ کے جسم کا مدافعتی نظام جراثیم کو نقصان پہنچانے سے روک رہا ہوتا ہے۔ ٹی بی انفیکشن کی کوئی علامات نہیں ہوتیں اور جراثیم دوسرے لوگوں تک نہیں پہنچ سکتے۔

ٹی بی انفیکشن ٹی بی کی بیماری سے مختلف ہے جس میں ٹی بی کے جراثیم بیدار ہو چکے ہوتے ہیں یا تعداد میں بڑھ جاتے ہیں اور آپ کو بیمار کرتے ہیں اور اس صورت میں جراثیم آپ سے دوسرے لوگوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

تپدق کی روک تھام کی تھراپی (TPT) سے کیا مراد ہے؟

TPT سے مراد ٹی بی انفیکشن کی خاص اینٹی بائیوٹکسں ہیں۔ اینٹی بائیوٹکسں کی کئی مختلف قسمیں ہیں - آپ کا ڈاکٹر فیصلہ کرے گا کہ آپ کے لیے کونسی قسم بہترین ہے۔ یہ ہر شخص کے لیے مختلف ہوتا ہے کہ اسے کتنا عرصہ اینٹی بائیوٹکسں لینی ہوں گی تاہم یہ دوائیاں کئی مہینوں تک لی جاتی ہیں۔ ϳԹ Health لوگوں کے ویزے یا Medicare مہیا ہونے یا نہ ہونے سے قطع نظر سب کو مفت TPT فراہم کرتی ہے۔

کیا TPT سے ٹی بی کی بیماری سے بچاؤ ہو جائے گا؟

اگر آپ اپنے ڈاکٹر کی مجوّزہ تمام دوائیاں لیں تو TPT ٹی بی کی بیماری کا خطرہ ٪ 90 تک کم کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود ٹی بی کے جراثیم کا انفیکشن دوبارہ لگنا ممکن ہے۔ اگر آپ ٹی بی کے زیادہ کیسوں والے کسی ملک میں جائیں یا ٹی بی رکھنے والے کسی شخص کے قریب ہوں تو آپ کو انفیکشن لگ سکتا ہے۔ یہ پتہ چلانے کا کوئی طریقہ یا ٹیسٹ نہیں ہے کہ آیا دوائی نے اثر کیا ہے۔ شفایابی یقینی بنانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ آپ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق دوائیوں کا کورس مکمل کریں۔

بیماری محسوس نہ ہونے کے باوجود مجھے TPT کیوں لینی چاہیے؟

TPT آپ کو ٹی بی کی بیماری سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔ اگر ڈاکٹر نے آپ کو TPT کی پیشکش کی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کو ٹی بی کی بیماری ہونے کا خطرہ ہے۔ TPT ٹی بی کے جراثیم کو آپ کو بیمار کرنے سے پہلے ہی روک دیتی ہے۔ یہ آپ کو بیمار ہونے اور اپنے گھر والوں اور باقی معاشرے میں بیماری پھیلانے سے بچاتی ہے۔

کیا دوائی سے میری طبیعت خراب ہو گی؟

TPT کے ضمنی اثرات عام نہیں ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ سے خون کا ٹیسٹ کروانے کو کہا جائے تاکہ سب کچھ ٹھیک ہونے کا علم ہو سکے۔ آپ کو کوئی بھی دوائی شروع کروانے سے پہلے ڈاکٹر اور نرس آپ کے ساتھ ممکنہ ضمنی اثرات کے متعلق بات کریں گے۔

مزید معلومات

مزید معلومات کے لیے تپدق ( ٹی بی) کے متعلق معلوماتی پرچے​ دیکھیں۔ 

اپنی زبان میں مفت مدد کے لیے 50 14 13 پر تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس کو فون کریں۔

Current as at: Friday 4 April 2025
Contact page owner: Communicable Diseases